بھوپال: راجستھان کے ادے پور میں ایک شخص کے مبینہ طور پر مذہب کے نام پر وحشیانہ قتل کے واقعہ اور اس کا ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مدھیہ پردیش میں پولس انتظامیہ کو تمام اضلاع میں خاص طور پر چوکس رہنے کو کہا گیا ہے۔ Alert issued in MP after Udaipur incident
ریاستی پولیس ہیڈکوارٹر کے ایک اہلکار نے یو این آئی کو بتایا کہ فی الحال ریاست میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا مظاہرے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم ریاست کے تمام 52 اضلاع میں پولیس انتظامیہ کو خصوصی چوکسی اختیار کرنے اور چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی پولیس کے سینئر افسران بھی تمام اضلاع کے افسران سے رابطے میں ہیں، خاص طور پر ان اضلاع کے جو حساس سمجھے جاتے ہیں۔
اس درمیان ریاست کے دارالحکومت بھوپال میں شہری باڈی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے حق میں مہم چلانے آئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے دیر شام یہاں ایک جلسہ عام میں ادے پور واقعہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تشدد کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ Alert issued in MP after Udaipur incident
مزید پڑھیں:
اویسی نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کے ذریعے لکھا ہے، ’’ادے پور میں وحشیانہ قتل قابل مذمت ہے۔ ایسے قتل کا دفاع کوئی نہیں کر سکتا۔ ہماری پارٹی کا بنیادی موقف یہ ہے کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ہے۔ ہم نے ہمیشہ تشدد کی مخالفت کی ہے۔ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنا ہوگا۔"
اویسی نے کل جبل پور میں شہری باڈی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے حق میں جلسہ عام کیا اور آج شام سے وہ بھوپال میں پارٹی امیدواروں کی حمایت میں جلسہ عام کر رہے ہیں۔ مسٹر اویسی کی پارٹی ریاست میں پہلی بار شہری باڈی انتخابات میں اتری ہے۔ اس کے امیدوار بنیادی طور پر جبل پور، بھوپال، کھنڈوا، برہان پور اور کچھ دوسرے اضلاع میں انتخابی میدان میں ہیں۔
یواین آئی۔