مرحوم حریت رہنما اشرف صحرائی کے دو محروس فرزند جیل میں کورونا وائرس میں مثبت پائے گئے ہیں اور ان کو جیل حکام نے کپوارہ پولیس لائنز میں قرنطین کیا ہے۔
اشرف صحرائی کے دو فرزند مجاہد اور راشد کو پولیس نے ان کے والد کے جنازے پر ملک مخالف نعرے لگانے کے الزام میں یو اے پی اے کے تحت گرفتار کر کے کپوارہ جیل میں قید بند کیا ہے۔
صحرائی کے اہل خانہ نے ان کے دو فرزندوں کی کورونا وائرس میں مثبت ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کو پولیس لائنز کپوارہ میں قرنطین کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اشرف صحرائی کا انتقال 5 مئی کو حراست کے دوران جموں میڈیکل کالج میں ہوا تھا۔
مرحوم گزشتہ نو ماہ سے ادھمپور جیل میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت قید تھے۔
ان کو انتظامیہ نے ان کے بیٹے جنید صحرائی کی ہلاکت کے بعد گرفتار کیا تھا۔
جنید صحرائی حزب المجاہدین کے کمانڈر تھے اور گزشتہ برس مئی میں سرینگر کے نوا کدل میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ چھڑپ میں ہلاک کئے گئے تھے۔