کپوارہ (جموں کشمیر) : شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع کا قصبہ ہندوارہ سورج ڈھلتے ہی گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے۔ حکام کی جانب سے نصب کی گئی اسٹریٹ لائٹس بے کار پڑی ہوئی ہیں۔ اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے سبب قصبہ ہندوارہ کے تاجرین خاص کر دکانداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جبکہ راہگیروں کو بھی گونا گوں پریشانیوں سے جوجھنا پڑتا ہے۔
مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ دو سال قبل قصبہ میں اسٹریٹ لائٹس مونسپل کمیٹی ہندوارہ نے انسٹال کی تھی جو کچھ عرصہ بعد ہی بیکار ہوگئیں۔ دکانداروں کے مطابق قصبہ میں ایک بھی اسٹریٹ لائٹ کام نہیں کر رہی ہے اور سورج غروب ہوتے ہی ہر جگہ گلی، ہر چوراہا گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگ سخت پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
مقامی دکانداروں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’مونسپل کمیٹی ہندوارہ کے افسران اور محکمہ آر اینڈ بی ایک جانب ذرائع ابلاغ خاص کر سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوارہ ٹاؤن کی بیوٹیفکیشن اور اسمارٹ سٹی کے بلند و بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب دونوں محکمہ جات ہندوارہ ٹاؤن میں صرف وہی کام انجام دے رہے ہیں جن میں ان کا ذاتی مفاد ہو، عوام کے حق میں ایک بھی کام انجام نہیں دیا جا رہا۔‘‘
مزید پڑھیں: Street Lights Defunct in Anantnag: اسٹریٹ لائٹس کئی ماہ سے بے کار، عوام کو مشکلات
لوگوں کا کہنا ہے کہ ہندوارہ قصبہ میں ضلع اسپتال سمیت اب گورنمنٹ میڈیکل کالج کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ دو دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں، تیمارداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ حکام خاص کر میونسپل کمیٹی کی توجہ مبذول کرائی تاہم انہوں نے بھی اس جانب خاطر خواہ انتظامات نہیں اٹھائے۔