ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کے دفتر کے باہر نوجوانوں نے احتجاج کے دوران ایک مقامی مشاورتی کمپنی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسکے مالک نے خلیجی ممالک میں نوکریوں اور حج خدمت کے نام پر ان سے ہزاروں روپے اینٹھنے کے بعد کمپنی مقفل کرکے فرار ہو گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ کئی مہینے قبل انہوں نے کمپنی کے مالک کے پاس پاسپورٹ، نجی دستاویز اور ہزاروں روپے جمع کیے تھے۔
انکا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع کے نوجوانوں سے روپے حاصل کرنے کے بعد اب مذکورہ شخص فرار ہے اور انکے فون کا یا تو جواب نہیں دیتا یا پھر ان سے گالی گلوچ کرتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ایک احتجاجی کا کہنا تھا کہ ’’اب وہ فون پر ہمیں جان سے مارنے کی بھی دھمکی دیتا ہے۔‘‘
احتجاجیوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انکے پاسپورٹ وغیرہ کا غلط استعمال بھی ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے احتجاجیوں نے کنسلٹنسی کے ’مفرور‘ مالک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔