سرینگر:جنوبی ضلع کولگام کے ناگام دمہال ہانجی پورہ علاقے میں ریچھ نے خاتون سمیت تین افراد کو زخمی کیا، جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کولگام کے ناگام دمہال ہانجی پورہ گاؤں میں اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب سیب کے باغ میں کام میں مصروف کئی افراد پر ریچھ نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین مقامی شہری جن کی شناخت رمضان ملک ، شفیع ملک اور راجا بیگم ساکنان دمہال ہانجی پورہ کے بطور ہوئی ہے شدید طورپر زخمی ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دریں اثنا ریچھ کو پکڑنے کی خاطر وائلڈ لائف محکمہ نے جگہ جگہ پھندے نصب کئے ہیں۔
وہیں سرحدی ضلع کپواڑہ کے حیات پورہ لولاب میں منگل کی سہ پہر ریچھ نے ایک شخص پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق حیات پورہ لولاب میں ریچھ نے ایک مقامی شہری غلام رسول پر اچانک حملہ کرکے اس کا گوشت نوچ ڈالا ۔معلوم ہوا ہے کہ چیخ و پکار کی صدائیں بلند ہونے کے ساتھ ہی آس پاس موجود لوگوں نے زخمی شہری کو ہسپتال منتقل کیا ۔
مزید پڑھیں: Bear Attack In Anantnag اننت ناگ میں ریچھ کے الگ الگ حملوں میں خاتون سمیت دو زخمی
بتادیں کہ شمالی کشمیر کے پچھلے ایک ہفتے سے جنگلی جانوروں کے حملوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں بھی جنگلی جانوروں کی نقل وحمل کے باعث لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ امسال جنگلی جانوروں کے حملے میں کئی افراد اپنی جانیں گواں بیٹھے ہیں، جب کہ کئی افراد کو ان جنگلی جانوروں نے شدید زخمی بھی کیا ہے۔