جنوبی کشمیر میں ضلع کولگام کے دور دراز علاقہ کنڈ سے تعلق رکھنے والے غریب اور پسماندہ کنبوں کے لیے کھانے پینے کا سامان مہیا کرنے کے علاوہ نیشنل کانفرنس کارکن فیاض احمد شاہ نے سنیچر کو ان کنبوں میں نقدی بھی فراہم کی۔
انہوں نے عید کی آمد کے پیش نظر غریب اور پسماندہ کنبوں میں امدادی سامان تقسیم کیا تاکہ ’’غریب اور پسماندہ کنبے بھی عید بہتر طریقے سے منا سکیں۔‘‘
اس موقعے پر شاہ نے بتایا کہ ’’عید کی آمد آمد ہے اور موجودہ حالات میں ہر ایک شخص کو غریب اور پسماندہ کنبوں کی مدد کے لیے سامنے آنا چاہئے۔‘‘
انہوں نے تقسیم کیے گئے کِٹس کے حوالے سے کہا کہ ان میں چاول، آٹا، دالیں، تیل، صابن اور دیگر ضروریات روزمرہ کے سامان کے علاوہ نقد رقم بھی موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا تاکہ غریب اور پسماندہ کنبوں کے افراد بھی کما حقہ عید کی خوشیاں منا سکیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے جہاں ہر شعبہ متاثر ہوگیا ہے وہیں اس کا سب سے زیادہ اثر مسکینوں اور یومیہ اجرت و مزدوری پر زندگی گزارنے والے غریب اور پسماندہ کنبوں پر پڑا۔
دریں اثناء نیشنل کانفرنس کارکن نے لاک ڈائون جاری رہنے کی صورت میں غریب اور پسماندہ کنبوں کی مدد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔