مریضوں کو بروقت علاج فراہم کرنے کے لئے ضلع ہسپتال کولگام میں آکسیجن پروڈکشن پلانٹس نصب کرنے سے مریضوں اور تیمارداروں کے علاوہ مقامی لوگوں کو کافی خوشی محسوس ہوئی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ضلع ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کو لے کر بہت پریشانی ہورہی تھی اور کئی بیماروں کو آکسیجن کی کمی کو لے کر علاج و معالجہ کے لیے سرینگر منتقل کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے کئی بیمار راستے میں ہی دم توڑ دیتے تھے لیکن اب آکسیجن پلانٹ نصب کرنے سے عوام کا پیسہ اور وقت بھی بچ سکتا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کولگام ڈاکٹر مظفر نے اس سلسلہ میں کہا کہ آکسیجن کی فراہمی کے نظام کو ہموار کرنے کے لئے اقدامات بڑے پیمانے پر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر آکسیجن سپلائی کا ہونا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلانٹ نصب کرنے سے نہ صرف ہسپتال کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو بھی دوسرے ہسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔