ضلع کولگام میں صبح سویرے سے ہی شدید سردی کے باوجود بھی ووٹرز نے پولنگ بوتھ کا رخ کیا۔ اُمیدواروں میں کانٹے کی ٹکر رہی۔ اس طرح سے ووٹنگ کی شرح بھی کافی زیادہ رہی۔
جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد کیے جانے والے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات، پنچایتی اور بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ آج دوپہر دو بجے اختتام پزیر ہوگئی۔
تیسرے مرحلے میں جموں و کشمیر میں 33 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوئی جن میں 305 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ کشمیر میں 16 حلقے ہیں جن میں 166 امیدوار ہیں جبکہ جموں میں 17 حلقے ہیں جن میں 139 امیدوار ہیں۔
کُل 305 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں سے 252 مرد اور 53 خواتین امیدوار ہیں۔
آٹھ مرحلوں پر محیط اس پولنگ کا سلسلہ 19 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ 22 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ ڈی ڈی سی کے انتخابات منعقد کیے جانے سے جموں و کشمیر میں تھری ٹائر پنچایتی راج سسٹم رائج ہوگا۔ وہیں، یوٹی میں 20 اضلاع میں نمائندے منتخب ہوں گے۔ ڈی ڈی سی کونسل پانچ برس کی مدت کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
انتخابی کمشنر کے مطابق 66 حلقۂ انتخابات میں آج پولنگ ہو رہی ہے اور تیسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 184 اُمیدوار میدان میں ہیں جن میں 144 مرد اور 40 خواتین اُمید وار شامل ہیں۔ 40 سرپنچ حلقوں میں بلا مقابلہ اِنتخاب کیا گیا ہے۔ اسی طرح پنچ ضمنی انتخابات میں 1738 حلقے ہیں اور ان میں سے 798 بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ 327 حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے اور یہاں 749 امیدوار میدان میں ہیں۔