بھاجپا کارکنان کو معقول سیکورٹی فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بھاجپا کے ضلع صدر کولگام نے محکمہ پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بے جے پی) کے ضلع صدر برائے کولگام عابد خان نے اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران محکمہ پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس بھاجپا کارکنان کی حفاظت میں ناکام ہو چکی ہے۔‘‘
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ ’’وسو کے سرپنچ کی موت اور پنچ عارف شاہ پر حملے کی وجہ محکمہ پولیس خصوصاً ایس ایس پی کولگام کی عدم توجہی ہے۔‘‘
عابد خان نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ایک جانب پولیس بھاجپا کارکنان کی حفاظت کرنے سے قاصر ہے اور دوسری جانب محکمہ داخلہ کو انتخابات منعقد کرانے کے لیے ہری جھنڈی دکھا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’’انتخابات کو ہری جھنڈی دکھا کر بھاجپا کارکنان کو مروانے کی سازش کی جا رہی ہے؟‘‘
بھاجپا ضلع صدر نے پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ ’’جب تک میرے سبھی کارکنان کی حفاظت کا معقول بندوبست نہیں کیا جاتا، میں بھی ذاتی محافظین (PSOs) کی نگرانی قبول نہیں کروں گا، مجھے بھی سیکورٹی کی ضرورت نہیں۔‘‘
انہوں نے چار دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا: ’’اگر چار دن کے اندر بی جے پی کے تمام کارکنان کو سیکورٹی فراہم نہ کی گئی تو تمام بی ڈی سی، پنچ / سرپنچ پریس کالونی سری نگر میں مستعفی ہو کر عدالت کا رخ کریں گے۔‘‘