کشتواڑ: جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں قائم ریٹلے پاور پروجیکٹ کے قریب بھاری برکم چٹانیں اور مٹی کے تودے گر آنے کے باعث جے سی بی ڈرائیور سمیت 4 لوگ ہلاک ہوگئے جب کہ چار افراد زخمی ہوگئے جن کا علاج چل رہا ہے۔ وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بتایا کہ ملبے کے نیچے دبے افراد کو بچانے کی خاطر امدادی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کی شام کو کشتواڑ میں ریٹلے پاور پروجیکٹ پر بھاری برکم چٹانیں اور مٹی کے تودے گر آئے۔
ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ جے سی بی ڈرائیور معمول کے کام میں مصروف تھا کہ اس دوران مٹی کے تودے گر آنے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت آس پاس موجود کئی افراد ملبے کے نیچے دب گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ جے سی بی ڈرائیور کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جب کہ ملبے کے نیچے سے بعد میں تین لاشیں اور نکالی گئیں۔ اس حادثے میں مجموعی طور پر چار افراد کے ہلاک اور چھ لوگوں زخمی ہونے کی خبر ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بتایا کہ چھ افراد کے ملبے کے نیچے آنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جے سی بی ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ ملبے کے نیچے آنے والے افراد کی تلاش شروع کی گئی ہے۔ اُن کے مطابق اس بارے میں ڈپٹی کمشنر کشتواڑ سے بھی رابط قائم کرکے ریسکیو آپریشن کے بارے میں دریافت کیا ۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ ریسکیو آپریشن میں تیزی لائے۔ اُن کے مطابق فوج ، ایس ڈی آر ایف اور پولیس کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا ہے ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کشمنر کشتواڑ کشوری لال شرما نے اس حادثے کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ پانچ افراد کو ملبے سے زندہ نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔ کشوری لال شرما نے کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں پولیس، فوج اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں شامل ہیں۔