ریاستی وزیر صحت کے کے شیلجہ نے بتایا کہ 'ریاست میں بدھ کے روز 301 افراد کورونا مثبت پائے گئے ہیں جس کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی تعداد 6،195 ہوگئی۔
انہوں نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اس وقت 2،605 افراد زیر علاج ہیں، جب کہ بدھ کے روز 107 افراد کو ڈسچارج کر دیا گیا ، اسکے ساتھ ہی مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کے تعداد 3،561 ہو گئی ہے۔
ریاستی دارالحکومت تیرواننت پورم میں سب سے زیادہ 64 کیسز ریکارڈ کیے گئے، ان میں سے قریبی ساحلی علاقے پونتھورا میں 54 معاملات ہیں، جہاں خوفناک صورتحال کی وجہ سے سخت ٹرپل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
وزیر سیاحت کڈکمپلی سریندرن نے کہا کہ ساحلی علاقہ "سپر اسپریڈر" رہا ہے۔ اس علاقے میں ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ تمل ناڈو کے ہمسایہ کنیا کماری ضلع میں ماہی گیری کے لیے باہر نہ جائیں۔
کمانڈوز، کوسٹ گارڈ، کوسٹل میرین سیکیورٹی اور میرین انفورسمنٹ اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کا یقین کرنے کے لئے سخت نگرانی کریں کہ پونتھورہ کے علاقے میں ماہی گیری کشتیاں داخل نہ ہوں اور نہ جائیں۔
بڑھتے ہوئے معاملات کے ساتھ ، حکومت نے پیر کو سٹی کارپوریشن میں 100 وارڈوں میں ایک ہفتہ طویل ٹرپل لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کے بعد ریاستی سیکرٹریٹ اور مختلف نجی اداروں سمیت سرکاری دفاتر بند ہیں۔
وزیر صحت نے بتایا کہ مجموعی طور پر 1،85،546 افراد مختلف اضلاع میں قرنطینہ میں ہیں جن میں سے 1،82،409 گھروں قرنطینہ یا ادارہ جاتی قرنطینہ میں ہیں اور اسپتالوں میں 3،137 افراد ہیں ، جن میں بدھ کے روز421 نئے افراد داخل کرائے گئے ہیں ۔
ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 11،250 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ، اب تک 2،96،183 نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں اور 4،754 کے نتائج کا انتظار ہے۔