ضلع یادگیر میں دبیر پورہ کالونی کے کانفرنس ہال میں 29 نومبر کو صبح 10 بجے جشنِ علامہ اقبال و یاد مولانا ابوالکلام آزاد کا بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں لایا جائے گا جبکہ اس موقع پر اردو میڈیم اساتذہ اور دسویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو تہنیت بھی پیش کی جائے گی۔
ڈاکٹر رفیق سوداگر صدر یادگیر انجمن ترقی اردو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 29 نومبر کو انجمن کی جانب سے جشن علامہ اقبال و یاد مولانا ابوالکلام آزاد منعقد کیا جائےگا۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید اکبر صدر شعبہ اردو، خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ محمد امتیازالدین صدیقی ایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت و صدر رابطہ ملت یادگیر، محمد عبدالسلیم نائب صدر رابطہ ملت یادگیر بھی جلسہ کو خطاب کریں گے۔ اس موقع پر ایوارڈ یافتہ اردو اساتذہ کو تہنیت پیش کی جائے گی اور دسویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو انعامات سے نوازا جائے گا۔
جلسہ میں لائیق حسین بادل صدر بیت المال یادگیر، محمد افضل الدین صدیقی صدر جماعت اہلسنت کرناٹک، عزیز احمد شہینہ سابق صدر بلدیہ یادگیر، محمد مصطفی دربان سابق چیئرمین ٹاؤن پلاننگ اتھاریٹی شاہ پور و دیگر شخصیات مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر رفیق سوداگر نے محبان اردو سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے جلسہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔