ایسٹ بنگلور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سری ناتھ جوشی نے بتایا کہ پولیس نے ان دونوں مسلم نوجوانوں کو ایک ویڈیو کا نوٹس لینے کے بعد گرفتار کیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انسپکٹر نٹراج کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ویڈیو کی بنیاد پر کارروائی کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 'یہ واقعہ جمعہ کی رات بنرگٹا روڈ پر ڈیری سرکل کے قریب پیش آیا۔ دونوں گرفتار ملزمین ایک نجی بینک میں کام کرتے ہیں اور ڈیوٹی کے بعد گھر واپس لوٹ رہے تھے۔
دوسری جانب ریاست کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی نے پولیس کی کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت ایسے واقعات سے سختی سے نمٹتی ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ 'بنگلور پولیس نے تیزی سے کام کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار نوجوان پر حملہ کرنے کے معاملے میں دو ملزموں کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کیا ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ میری حکومت ایسے واقعات سے سختی سے نمٹتی ہے۔
واضح رہے کہ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں ایک برقع پوش خاتون موٹر سائیکل پر جا رہی ہے جسے دیکھنے کے بعد کہ ملزمین نے موٹر سائیکل کو روکا اور خاتون سے پوچھا کہ وہ غیر مسلم کے ساتھ سفر کیوں کررہی ہے۔
پھر وہ متاثرہ کو گالیاں دیتے ہوئے دھمکاتے ہیں۔ ان میں سے ایک نے خاتون کے شوہر کو بھی فون کیا اور سوال کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو غیر مسلم کے ساتھ سفر کی اجازت کیوں دی؟ اس دوران دونوں نے موٹر سائیکل سوار پر حملہ بھی کیا۔ بعد میں وہ خاتون کو بائیک سے اترنے پر مجبور کرتے ہیں اور ایک آٹو رکشا کرایہ پر لے کر اسے اس کے گھر بھیج دیتے ہیں۔