یادگیر میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سرا سماج کی نمائندہ سونو نے ریاستی حکومت کی جانب سے ٹرانزجینڈر طبقہ کےلیے سرکاری نوکریوں میں ایک فیصد تحفظات دینے کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے سرکاری محکموں کے علاوہ نجی کمپنیوں میں بھی خواجہ سراؤں کو ملازمت دینے اور تعلیم میں بھی تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے سماج میں خواجہ سراؤں سے متعلق منفی سونچ کو بدلنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں ایسے افراد کے ساتھ غلط رویہ اختیار کیا جاتا ہے جو نامناسب عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناروا رویہ کے سبب کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ماب لنچنگ پر موہن بھاگوت کا بیان گمراہ کن: ویلفیئر پارٹی
شیوانی نے کہا کہ ہمارے سماج کے تعلیم یافتہ لوگوں کو نوکری ملنی چاہئے اس کے علاوہ جو لوگ غیرتعلیم یافتہ ہیں انہیں بھی ان کی قابلیت کے لحاظ سے روزگار دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں اکثر لوگ تعلیم یافتہ نہیں ہے لیکن ہنرمند ہیں، انہیں ان کی صلاحیت کے اعتبار سے مناسب ملازمت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سراؤں سے متعلق سماج میں پھیلے ہوئے غلط نظریات کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہیں ملازمت نہیں دی جاتی اور نہ ہی گھر کرایہ پر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے نجی شعبہ میں بھی ملازمت فراہم کرنے اور سماج کے افراد کےلیے گھر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔