بیدر: ممبئی جے پور ایکسپریس ٹرین میں فائرنگ میں ہلاک ہونے والے سید سیف الدین کی لاش ممبئی سے گزشتہ شب تقریبا دو بجے بیدر پہنچی۔ نماز فجر کے بعد حمیلاپور عیدگاہ احاطے میں نماز جنازہ شیخ نظام الدین امام جامع مسجد حمیلاپور نے پڑھائی۔ تدفین احاطہ عید گاہ قبرستان میں عمل میں آئی۔
اس موقع پر کثیر تعداد میں رشتے دار دوست احباب کے علاوہ ریاستی وزیر برائے بلدیہ ایڈمنسٹریشن و رکن اسمبلی رحیم خان سمیت دیگر سیاسی قائدین موجود تھے۔ ریاستی وزیر رحیم خان نے کہا کہ ریلوے فائرنگ معاملہ غیر انسانی عمل ہے ۔عوام کو تحفظ پہنچانے والا ہی جب عام لوگوں کا دشمن بن جائے تو ایسے لوگوں کو سخت سے سخت سزا دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک حکومت کی جانب سے ریلوے فائرنگ میں شہید ہونے والے سید سیف الدین کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان ہوا ہے ۔معاوضے کی رقم بہت جلد رشتہ داروں کو مل جائے گی ۔ اس کے علاوہ بھی انفرادی طور پر بھی مدد کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔
یہ بھی پڑھیں:Funeral Of Hafiz Sad گروگرام میں شہید ہوئے امام حافظ سعد کو سپردخاک کردیا گیا
مقامی ریٹائرڈ آرمی مین مبشر نے اس موقع پر کہا کہ یہ حادثہ بہت ہی شرمناک ہے۔ اس حادثے کی جتنی بھی مذمت کی جائے بہت کم ہے۔ محکمہ پولیس عوام کے تحفظ کے لیے ہے۔ محکمہ پولیس کے اہلکاروں کو جو اسلحہ دیے جاتے ہیں۔ وہ عوام کے تحفظ اور حفاظت کے لیے دیے جاتے ہیں نہ کہ انسانوں پر چلانے کے لیے۔