ملک بھر میں سماجی و سیاسی حالات افسوسناک ہے، کہیں مسلمانوں اور مساجد پر تو کہیں مسیحی برادران و ان کے چرچز پر حملوں کے واقعات عام ہو رہے ہیں۔ اور رپورٹز کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کئے جانے کی بھی بات ہورہی ہے۔
ایسے حالات میں یونائٹیڈ اگینسٹ ہیٹ سے جڑے سماجی کارکنان ایک فکر کے ساتھ ملک بھر کا دورہ کر رہے ہیں اور کئی سماجی سیاسی کارکنان و تنظیموں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں کہ انہیں ملک میں پیش آرہے کئی دردناک واقعات سے آگاہ کریں تاکہ وہ متحدہ طور پر پھیلائی جارہی نفرت کے خلاف لڑسکیں۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ندیم خان نے بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں ملک میں درپیش حالات افسوسناک ہے اور وہ اس سلسلے میں ملک کی مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ عوام میں اور خاص طور پر نوجوانوں و سماجی کارکنان میں اس کے متعلق بیداری لائی جاسکے۔
ندیم خان نے بتایا کہ ملک بھر میں نہ صرف مسلمان بلکہ مسیحی برادری اور ان کے چرچز پر بھی لگاتارحملے ہورہے ہیں جس کی وجہ سے اقلیتی طبقات میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا ہے۔
ندیم خان نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر جنوری 2022 میں این پی آر کے نفاذ کی شروعات ہوگی اور ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ سی اے اے قانون کے نفاذ کی بھی تیاریاں شروع ہوں گی۔
ان متنازعہ قوانین سے متعلق انہوں نے کہا کہ سی اے اے مخالف تحریک میں کووڈ وباء کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوئی تھی، تاہم انہوں نے بتایا کہ ان قوانین کے خلاف وہ پھر سے مستعدی کے ساتھ متحد ہوکر سڑکوں پر تحریک چلائیں گے۔