بیدر: ریاست کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات 2023 کے مدنظر کانگریس نے حکمراں جماعت بی جے پی کو کڑی ٹکر دینے کے لیے تمام تر کوشش تیز کردی ہے۔ کانگریس کی جانب سے ریاست کے مختلف اضلاع میں زور وشور سے تشہیری مہم چلائی جارہی ہے۔ اسی ضمن میں کانگریس پارٹی کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے بیدر ضلع کے تعلقہ بھالکی میں کانگریس پارٹی کی جانب سے منعقد جن کرانتی کنونشن میں شرکت کی۔کنونشن کو خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی ملک میں تشدد اور نفرت پھیلا رہی ہے۔ یہ غریبوں اور مظلوموں سے پیسے لے کر دو تین امیروں کو دینے کا کام کر رہی ہے۔
راہل گاندھی نے مشورہ دیا ہے کہ کانگریس کو بی جے پی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرنے چاہیے۔ نریندر مودی نے بیرون ملک کالا دھن لانے اور ہر ایک کے بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن عام لوگوں کو کچھ نہیں ملا۔ میں نے کانگریس لیڈروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے وعدے نہ کریں جس کو ہم پورا نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے وعدے کے مطابق انتخاب کے پہلے دن چار فیصلے لے گی۔ یہ بھارت کے غریب لوگوں کے حق میں فیصلہ لیا جائے گا۔ ریاست کرناٹک میں کانگریس کی حکومت غریب خاندانوں کے لئے ہوگی کسانوں کے لئے ہوگی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کرناٹک کے لوگوں نے کہا ہے کہ ریاست میں حکومت کرنے والی بی جے پی حکومت نے 40 فیصد کرپشن کی ہے۔لوگوں نے بی جے پی سے منہ موڑ لیا ہے۔کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست یقینی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Shettar joins Congress: کرناٹک کے سابق وزیر اعلی جگدیش شیٹر کانگریس میں شامل