ملک بھر میں مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں روز بروز اضافے نے عوام کی پریشانیوں میں اور بھی اضافہ کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں کرناٹک کے ضلع یادگیر میں ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سوشلسٹ یونیٹی سنٹر آف انڈیا شاخ یادگیر کے سیکریٹری سوم شیکھر نے کہا کہ 16 مارچ کو یہاں جن اندولن پروگرام کیا جارہا ہے۔ جس میں ریاستی و مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، جس کے تحت شہر کے گاندھی چوک سے تحصیل آفس تک ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور تحصیل آفس کے روبرو احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر یادگیر کو ایک یادداشت بھی پیش کی جائے گی جس میں مرکزی اور ریاستی حکومت سے اپیل کی جائے گی کہ ملک میں بڑھ رہی مہنگائی کو روکے اور عوامی مسائل پر توجہ دینے پر زور دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ سوم شیکھر نے مزید کہا کہ ضلع یادگیر میں بھی کئی عوامی مسائل ہیں جیسے مختلف سرکاری محکمہ جات میں کام کرنے والے ڈی گروپ ملازمین کی تنخواہیں وقت پر نہیں مل رہی ہیں، تالابوں کی صفائی پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے، ساتھ ہی سیلاب کی صورت حال سے بچنے کے لیے شہر کے ڈیموں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے 16 مارچ کو ہونے والے عوامی احتجاج سے متعلق مزید کہا کہ ضلع یادگیر کے تمام تعلقہ جات میں 16مارچ کے پروگرام کو لے کر تیاریاں چل رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ 16 مارچ کو ہونے والے اس عوامی احتجاج میں شامل ہو کر مہنگائی کے سلسلہ میں ریاستی اور مرکزی حکومت کے خلاف آواز بلند کریں۔