بہار اسمبلی انتخابات 2020 میں بہتر کارکردگی کے بعد آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریاست کرناٹک کے ضلع کلبرگی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قومی صدر اسدالدین اویسی نے کہا کہ ان کا تعلق براہ راست عوام سے ہے۔
اویسی نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم کے خلاف متعدد الزامات لگائے گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم کو بی جے پی کی بی ٹیم کہا جاتا ہے ، حالاںکہ میں وہ واحد شخص ہوں جو عوام کی بات کرتا ہے اور جس کا تعلق براہ راست عوام سے ہے۔
اویسی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی اپنی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے اور انہیں وزیر بنایا گیا۔
مہاتما گاندھی کے یوم شہادت کو یاد کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ آزاد بھارت کا پہلا 'دہشت گرد' ناتھو رام گوڈسے تھا۔
انھوں نے بی جے پی الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی والے گاندھی پر یقین نہیں رکھتے، وہ امبیڈکر یا سبھاش چندر بوس پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔ وہ گوڈسے کے پیروکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ، وہ گاندھی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور دوسری طرف ، وہ گاندھی کے قتل کے سازش کار ساورکر کی پوجا کرتے ہیں۔
وہیں اویسی نے ٹی ایم سی اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی بھی سخت الفاظ میں نکتہ چینی کی ہے۔