کرناٹک کے ضلع گلبرگہ میں عیدمیلاد النبی کے موقع پر آل انڈیا مجلس تعمیر ملت گلبرگہ کی جانب سے نہرو گنج سپر مارکیٹ اور مختلف مقامات پر لوگوں میں کنڑا زبان میں سیرت النبی کی کتاب اور کھجوریں تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر تعمیر ملت ضلع گلبرگہ کے صدر عبدالجبار گولہ نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں سے تعمیر ملت کی جانب سے عید میلادالنبی کے موقع پر شہر کے مختلف لوگوں میں سیرت النبی کی کتابیں تقسیم کی جاتی ہیں، تاکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہر مذہب کے عوام تک پہنچ سکے۔
وہیں تعمیر ملت کے نائب صدر حیدر علی باغبان نے کہا کہ 'کنڑا زبان میں سیرت النبی کتاب کو تقسیم کرنے کا مقصد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے تعلیمات کو ہر مذہب کے عوام پہنچایا جاسکے، اسی مقصد سے ان کتابوں کو تقسیم کیا جارہا ہے۔
اس دوران سینیئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے کہا کہ ہم میلاد النبی کے موقع پر جلوس اور اجلاس کا اہتمام کرتے ہیں۔ مگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو برادران وطن تک بھی پہنچانا ضروری ہے۔