مساجد کو کھول دیا گیا ہے۔ عید الاضحیٰ کو یکم اگست کو منایا جانا ہے اور عیدالضحیٰ کی نماز کے سلسلے میں امارت شریعت نے گائڈلائنز جاری کئے تھے تو ریاستی حکومت کی جانب سے بھی اس کے متعلق احکامات جاری کیے گیے ہیں۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر نماز کی ادائیگی کے لیے حکومت نے احکامات جاری کئے ہیں کہ سماجی فاصلے، ماسک و سینیٹائزر کے استعمال کی سخت پابندی کے ساتھ مساجد میں ادا کی جاسکتی ہے۔
اس حکم نامہ میں یہ واضح کردیا گیا ہے کہ عید گاہوں، کھلے میدانوں اور شادی محلوں یا دیگر بڑی جگہوں پر نماز عیدالضحیٰ کے اہتمام کی اجازت اس لیے نہیں دی جاسکتی کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کے عوامی سطح پر مذہبی سرگرمیوں کے اجتماعی اہتمام پر پابندی لگائی ہے۔
خاص کر نماز عید الاضحٰی کے متعلق ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ مساجد ہی میں نماز کا اہتمام کریں اور عیدگاہوں سے پرہیز کریں۔
مساجد میں داخلے کے لئے ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔ 60 سال سے زائد عمر والے اور 10 سال سے کم عمر والے بچے گھروں میں ہی نماز ادا کریں۔
نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ ہوگا۔ مساجد میں داخلے کے دوران سبھی کی تھرمل اسکریننگ اور سینیٹائزر یا صابن سے ہاتھوں کا دھونا بھی لازمی ہوگا۔ مساجد میں موجود مقدس کتابوں کو نہ چھوا جائے۔ سبھی نمازی اپنا مصلیٰ (جائے نماز) اپنے ساتھ لائیں اور مسجد میں آنے والے اجنبیوں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔