کرناٹک کے ضلع یادگیر کی مسجد اقصی چامہ لے آوٹ یادگیر میں بعد نماز جمعہ ایک تہنیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت صدر مسجد اقصی اعجاز احمد نے کی۔
اس موقع پر مسجد اقصی کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے عبدالرؤف سپریڈنٹ پولیس لوک آیوکتا، ڈاکٹر مبشر احمد ساجد سرویلنس آفیسر اور محلے چامہ لے آؤٹ کے دو طالب علم کو میڈیکل میں فری سیٹ ملنے پر تہنیت پیش کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ قاضی الدین صدیقی نے کہا کہ اردو زبان سے تعلیم حاصل کر نے کے بعد بھی اعلی سے اعلی مقام اور عہدہ حاصل کر سکتے ہیں یہ آج ان تمام احباب نے ثابت کر دکھایا ہے۔
صدر مسجد اقصی انتظامیہ کمیٹی یادگیر اعجاز احمد نے کہا کہ 'ہمیں خوشی ہورہی ہے کہ ہم نے اپنے علاقے کے لوگوں کو اعلی ترقی اور عہدے سے سرفراز ہونےپر ان کی تہنیت پیش کرنے کا موقع ہمیں نصیب ہوا ہے۔
عبدالرؤف سپرنٹنڈنٹ آف پولیس برائے لوک آیوکتا یادگیر و انچارج ضلع بیدر، گلبرگہ نے کہا کہ کسی بھی عہدے پر پہنچنے کے لئے یا اس کو حاصل کرنے کے لئے محنت اور مسلسل جدوجہد اور کوشش لازمی ہےجب تک ہم اپنے فرض کو پوری ایمانداری اور جستجو سے ادا نہیں کریں گے تب تک ہمیں کوئی چیز حاصل نہیں ہوگی۔
ڈاکٹر مبشر احمد ساجد سرویلینس آفیسر یادگیر نے کہا کہ ہم مسجد اقصی کی انتظامی کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہماری تہنیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں یادگیر ضلع کی عوام نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کا بھرپور تعاون کیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ کورونا کے پورے دور میں ضلع یادگیر میں وبا سے لوگ کم ہلاک ہوئے۔
اس موقع پر مسجد اقصی کی انتظامی کمیٹی کی ذمہ داران کے علاوہ مسجد کے مصلیان موجود تھے۔