بنگلور: بھارت کے آزاد ہونے کے کئی سالوں بعد جب ریاست کرناٹک کی تشکیل کی جارہی تھی تو کئی کنڑگاز ( کنڑا زبان کے شیدائی) کی جانب سے ایک طویل جدوجہد کی گئی اور قربانیاں پیش کی گئیں۔ کرناٹک ایکیکرن تحریک کے دوران جدوجہد کرنے والوں میں پیش پیش رہے کنڑگاز میں ایک اہم نام ہے رمضان صاحب، جن کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ واحد شخصیت ہیں جو کہ کرناٹک کی تشکیل کے لیے بنائی گئی کرناٹک ایکیکرن تحریک کے دوران شہید ہوئے۔ اس موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اجلاس کو منعقد کرنے والے محمدیئرہ کنڑا ویدیکے کے صدر سمیع اللہ خان نے کہا کہ شہید رمضان صاحب کی شخصیت و ان کی قربانی قوم و ملت کا فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
وہیں اس موقع پر ایوارڈ یافتہ صحافی بلگورہ سمیع اللہ نے کہا کہ شہید رمضان صاحب پر سنتوش ہانگل کی جانب سے کتاب لکھا جانا فرقہ پرستوں کے لیے ایک سبق ہے۔ بلگورو سمیع اللہ نے کہا کہ ملک میں اور ریاست کرناٹک میں بھی ہندو اور مسلم کے نام پر نفرتیں پھیلائی جارہی ہیں اور دھرم ومذہب کے نام پر مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اور ایسے موقع پر شہید رمضان صاحب کی یاد میں ایوارڈ دیا جانا اور ان کی سوانح حیات کو ایک غیر مسلم برادر سنتوش ہانگل کی جانب سے لکھا جانا نہایت ہی قابل تعریف و وقت کی اہم ضرورت ہے۔
رمضان صاحب کی کنڑا زبان و کرناٹک کے لیے کی گئی قربانیوں کے اعتراف میں 'محمدیئرہ کنڑا ویدیکے' تنظیم کی جانب سے بنگلور پریس کلب میں ایک اہم پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر کرناٹک کے معروف صحافی بلگورو سمیع اللہ کو ان کی صحافتی و سماجی میدانوں میں خدمات کے اعتراف میں 'رمضان صاحب' نامی ایوارڈ سے نوازا گیا اور' رمضان صاحب' کی زندگی کی زندگی سے متعلق سنتوش ہانگل کی جانب سے لکھی گئی بیوگرافی کا اجراء بھی کیا گیا۔ یاد رہے کہ ایک طویل مدت سے کرناٹک و مہاراشٹر کے درمیان بارڈر کے علاقوں کو لیکر تنازعہ چل رہا ہے، حالانکہ کئی بار اس کے متعلق ریاستوں کی اہم سیاسی شخصیات کے درمیان بات چیت ہوئی ہے تاہم اب تک کوئی حل نہیں نکل پایا ہے۔