وزیراعلیٰ کے معاون کے مطابق عملے کے کچھ ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دفتر جہاں وہ رہائش پذیر بھی تھے کو سینیٹائز کرنے کے مقصد سے پانچ روز کےلیے سیل کردیا گیا۔
کرناٹک کے وزیراعلیٰ کے دفتر کو کورونا وبا کے دوران دوسری مرتبہ سیل کیا گیا ہے۔ ایک ماہ قبل یہاں تعینات پولیس کانسٹیبل کے ارکان خاندان کا کورونا ٹسٹ مثبت آنے کے بعد یدی یورپا کے دفتر کو بند کردیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ یدی یورپا نے ایک بیان میں بتایا کہ ’دفتر کے عملے کے کچھ ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میں کونٹائن ہوگیا ہوں‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ضروری ہدایات دیں گے۔ 77 برس کے یدی یورپا نے مزید بتایا کہ ’میں صحت مند ہوں اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے‘۔
وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ کورونا وبا پر قابو پانے کےلیے احتیاطی تدابیر کے طور پر رہنمایانہ اصول پر سختی سے عمل کریں۔
محکمہ صحت کے مطابق ریاست کرناٹک میں کوویڈ انفیکشن سے اب تک تیس ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2,200 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 17 اموات ہوئی ہیں۔