وزیر برائے اقلیتی بہبود ضمیر احمد خان نے پروگرام کا افتتاح کیا اور اردو اکیڈمی کے چیئرمین و ارکان کو مبارکباد دی۔
وزیر موصوف نے اکیڈمی کے چیئرمین مبین منور کی ساتئش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے اکیڈمی نہ صرف متحرک ہے بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
جشن اردو کے اس پروگرام کا آج پہلا دن ہے جس میں کل 60 کتابوں کا اجراء عمل میں آیا اور ان کے مصنفین کو اعزازات پیش کیے گئے۔
ضمیر احمد خان، کانگریس کے لیڈران نسیر احمد و عبید اللہ شریف نے مصنفین کو اعزازات پیش کیے اور ساتھ ہی انہیں اردو اکیڈمی کی جانب سے انعامی رقم کے چیک بھی دیے گئے۔
اس موقع پر وزیر برائے اقلیتی بہبود ضمیر احمد خان نے اردو بھون کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اردو بھن کا تعمیری کام جاری ہے اور تقریباً ایک برس کے عرصہ میں مکمل ہوگا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اگلے برس اکیڈمی کا پروگرام اردو بھون میں منعقد ہوگا۔
اس موقع پر اردو اکیڈمی کے ذمہ داران نے بتایا کہ اس بار ایوارڈس کی تعداد کے ساتھ انعام کی رقم بھی بڑھائی گئی ہے۔ یہ ایوارڈس تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے، اول انعام 75 ہزار، دوسرا 50 ہزار اور تیسرا انعام 25 ہزار روپے مققر کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ کرناٹکا اردو اکیڈمی کی جانب سے منعقد کیے گئے اس دو روزہ پروگرام کے پہلے روز شام کو 'کل ہند مزاحیہ' مشاعرہ ہے اور دوسرے دن 'کل ہند شاعرات' کا مشاعرہ ہے جس میں ملک بھر سے مصنفین، شعراء و ادباء شرکت کرینگے۔