ریاست کرناٹک کے بنگلور پہنچنے کے بعد عبدالواحد شیخ نے سماجی، سیاسی رہنماؤں اور صحافیوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر عبد الواحد شیخ نے کہا کہ ممبئی ریل دھماکہ کیس میں ملزم بنائے گئے تمام 12 افراد بے گناہ ہیں اور اس کے پختہ ثبوت موجود ہیں جبکہ ثبوتوں کو ہائیکورٹ میں پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں مہاراشٹر حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ ایس آئی ٹی نے بے بنیاد طور پر پھنسایا تھا جبکہ اس سازش کی حقیقت دن کے اجالے کی طرح واضح ہوچکی ہے۔وچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملزمین کو ایس آئی ٹی نے بے انتہا ٹارچر کیا اور زبردستی ان کے ناکردہ جرم کو قبول کروایا تھا۔
واضح رہے کہ ممبئی کی ایک عدالت نے ٹرین دھماکہ کیس کے 5 ملزمین کو سزائے موت دی ہے اور دیگر 6 کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
اسپیشل کورٹ کے اس فیصلہ کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے جبکہ اس کیس کی سماعت جاری ہے۔
عبد الواحد شیخ نے ای. ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ’بے گناہ قیدی‘ مہم کے تحت عوام میں شعور بیداری کررہے ہیں تاکہ حکومت پر دباؤ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے سامنے حقائق کو لانا مہم کا اصل مقصد ہے۔
واضح رہے کہ عبد الواحد شیخ بے گناہ ہوتے ہوئے بھی 9 برس جیل میں رہے اور انہوں نے اس دوران ’’انوسینس نیٹورک‘‘ نامی ایک کتاب بھی لکھی۔
عبد الواحد شیخ نے امید ظاہر کی کہ ہائی کورٹ حقائق کی بنیاد پر فیصلہ سنائیگی اور سارے ملزمین جن کو اس کیس میں ایک منظم سازش کی تحت پھنسایا گیا ہے، وہ سب رہا ہوں گے۔