چین سے پھیلے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں دہشت پھیلی ہوئی ہے اس کے باعث چار ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔ بھارت میں بھی اس کے کئی مثبت کیسز پائے گئے ہیں۔
ریاست کرناٹک کے شہر کلبرگی میں ایک 76 برس کے معمر شخص کی اس وائرس سے موت ہونے کی خبر ہے۔
وزیر صحت سیری رامولو اور کلبرگی ڈی سی شرت نے تصدیق کی کہ مشتبہ شخص میں کووڈ 19 کے جراثیم پائے گئے تھے اور ان کا علاج کیا جارہا تھا لیکن بدقسمتی سے ان کی موت ہوگئی۔
وائرس سے متاثر شخص عمرہ کے لیے 26 فروری کو مکہ معظمہ گئے تھے اور 6 مارچ کو ان کی واپسی ہوئی تھی۔
ان کے پڑوسیوں نے ایمرجنسی نمبر پر فون کیا اور انہیں مقامی ہسپتال میں داخل کرایا، لیکن ان کی حالت بتدریج خراب ہوتی گئی۔ مزید علاج کے لیے انہیں حیدرآباد شفٹ کرنے کی کوشش کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ 43 افراد متاثر بزرگ سے قریبی رابطے میں تھے جن کی جانچ کی جائے گی۔