ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں برسوں سے مختلف دینی تنظیموں کی جانب سے جشن عید میلاد النبیﷺ نہایت عقیدت کے ساتھ بڑے ہی عالیشان پیمانے پر منایا جاتا رہا ہے جس میں جلوس محمدی ایک خاص عمل ہوا کرتا ہے۔
لیکن حالات حاضرہ میں جبکہ کورونا وائرس کی وبا ابھی تک ختم نہیں ہوئی ہے اور اس سلسلے میں حکومت ہند و ریاستی حکومت سے بھی گائیڈلائن آئی ہوئی ہیں۔ شہر بنگلور کے علماء کرام و مشائخین عظام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس برس جلوس محمدی نہیں نکالا جائے گا اور میلاد پاک سادگی سے منایا جائے گا۔
اس سلسلے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سنی جمعیت علماء کے جنرل سیکریٹری فیض اللہ بیگ جنیدی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میلاد پاک صل اللہ علیہ وسلم کو فلاحی کاموں کے ذریعے منائیں۔
اس موضوع پر بات کرتے ہوئے صدائے اتحاد کے سیکریٹری عثمان شریف نے بتایا کہ جشن میلاد منانے کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے جو رہنمایانہ خطوط آئے ہیں، اس پر عمل کرنا نہایت دشوار ہے۔
لہٰذا شہر کے سبھی بڑی تنظیموں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس برس عید میلاد النبیﷺ کو اپنے مساجد و گھروں ہی میں سماجی فاصلہ و سادگی کے ساتھ منایا جائے۔