ریاست کرناٹک میں ایک جوڑے نے ہیلتھ کیئر عملے پر الزام عائد کیا ہے کہ دبئی سے منگلور واپس آنے کے بعد ایئرپورٹ پر ہیلتھ کیئر عملے نے ان کے ایک ماہ کے بچے کی زبردستی کورونا جانچ کی۔
اس جوڑے کا تعلق بولر سے ہے جو حال ہی میں دبئی سے واپس منگلور آیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ انہوں نے بچے کے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کے لیے مخالفت کی، لیکن ہیلتھ کیئر عملے نے زبردستی ان کے ایک ماہ کے بچے کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کر دیا۔
جس کے بعد اب بچے کے والدین نے ہیلتھ کیئر عملے کے خلاف ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے شکایت کی ہے۔ اس خبر کے بعد ڈی ایچ او ڈاکٹر رام چندر بیری نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'قانون کے مطابق دو سال سے کم عمر کے بچوں کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ نہیں کیا جاسکتا لیکن منگلور ہوائی اڈے کے ہیلتھ ورکرز کے پاس معلومات کی کمی ہونے کی وجہ سے بچے کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کردیا۔ والدین نے مجھ سے اس بارے میں شکایت کی ہے، اس معاملے پر کارروائی کی جائے گی۔