گلبرگہ: ریاست کرناٹک کے شہر گلبرگہ میں منقبت اور نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس مشاعرہ میں ریاست کرناٹک اور دیگر ریاستوں کے شعراء حضرات نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا اور داد تحسین حاصل کی۔ بتایا گیا ہے کہ عرس حضرت سید شاہ قبول اللہ حسینی خواجہ گنج بخش کے موقع پر نعتیہ ومنقبتی مشاعرہ بمقام اندرون حویلی روضہ منورہ خرد گلبرگہ منعقد ہوا۔ جس کی نگرانی سید شاه حسن شبیر محمد محمد الحسینی المعروف عقیل بابا سجادہ نشین حضرت خواجه گنج بخش روضه منوره خرد نے کی۔ سید شاہ ید اللہ حسینی المعروف نظام بابا خلف اکبر و جانشین سجاده نشین روضه منوره خرد گلبرگہ نے اپنے ابتدائی خطاب میں تمام شعراء کرام، نعت خواں و مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آپ تمام احباب کا اس بابرکت محفل میں استقبال ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعت کا لکھنا نعت کا پڑھنا اور نعت کا سننا سب ثواب میں داخل ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ شعراء اور نعت خواں جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں نعت خوانی کا شرف حاصل کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
گلبرگہ: قاضی انور کے مجموعہ نعت و منقبت ’ابر کرم‘ کی رسم اجرائی
اس موقع پر شعرائے کرام حامد اکمل، نور الدین نور، سید سجاد علی شاد صادق کرمانی، انجینئر سخی سرمست، اسد علی انصاری، مختار احمد دکنی، ڈاکٹر سید چند حسینی اکبر، مبین احمد زخم، راشد ریاض، ڈاکٹر عتیق اجمل وزیر، سید علی اکبر حسینی، صابر حسینی، نوید انجم اور عبد القدیر عرفان نے اپنا کلام پیش کیا۔ اس محفل منقبت اور نعت میں سجاد حسین، مظہر احمد گرمٹکلی، سید طیب علی یعقوبی، نوید انجم، عبدالقدیر عرفان، سید علی اکبر حسینی، سراج سرمست، راشد ریاض، مولانا وقار اشرفی، عزیز اللہ سرمست، سید شاہ ید اللہ حسینی، ڈاکٹر چندا حسینی اکبر، مختار احمد دکنی، ڈاکٹر عتیق اجمل، صادق کرمانی، انجینیئر سخی، اسد علی انصاری، نور الدین نور، حامد اکمل اور سید سجاد علی شاد بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں سامعین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔