بنگلور: کرناٹک میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت مسلسل بدعنوانی کے الزام عائد ہورہے ہیں جبکہ اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پے سی ایم نامی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ اسی دوران بی جے پی حکومت کی ایک اور وزیر ششی کلا جولے(وزیر برائے حج و اوقاف) پر رشوت لینے کا الزام سامنے آیا ہے اور آر ٹی آئی کارکن نے لوک آیُکت میں شکایت درج کروائی ہے۔ Corruption in Karnataka Waqf Board
شکایت کنندہ آر ٹی آئی کارکن وزیر بیگ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'کرناٹک وقف بورڈ میں دو ارکان شافی سعدی اور قاضی نفیسہ کی نامزدگی غیر قانونی ہے، یہ دونوں ارکان نااہل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وقف ایکٹ کے مطابق سُنی زمرے میں نامزدگی کے لیے رکن کو کم از کم مفتی ہونا چاہیے جو کہ شافی سعدی نہیں ہیں، اسی طرح وقف ایکٹ کے مطابق وقف بورڈ رکن ایک جوائنٹ ڈائریکٹر کے رینک کا ہونا چاہیے اور یہ اہلیت قاضی نفیسہ کی ہے۔ وزیر بیگ نے بتایا کہ شافی سعدی اور قاضی نفیسہ کی نااہلیت کے دستاویزات کو انہوں نے حکومت کے سکریٹری کو ایک شکایت کے ساتھ روانہ کیا تھا تاہم اب تک حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ Complaint in Lokayukta Against Karnataka Minister
وزیر بیگ نے مزید بتایا کہ انہوں نے وقف بورڈ میں نامزد مذکورہ ارکان کی برخاستگی کے لیے کرناٹک ہائی کورٹ میں بھی معاملہ درج کرایا ہے جو کہ زیر سماعت ہے۔ وزیر بیگ نے بتایا کہ ان کی جانب سے حکومت کو دی گئی شکایت کے متعلق پوچھ تاچھ کرنے پر یہ معلوم ہوا ہے کہ ریاستی حکومت کے سکریٹری کی جانب سے ان کی شکایت کو وزیر برائے حج و اوقاف ششی کلا جولے کو روانہ کیا گیا ہے لیکن ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا لیکن وزیر نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔
اس معاملے میں وزیر بیگ نے کہا کہ 'حال ہی میں انہوں نے وزیر برائے اوقاف و حج ششی کلا جولے سے ملاقات کر کے وقف بورڈ کے ارکان شافی سعدی و قاضی نفیسہ پر کارروائی کے متعلق استفسار کیا لیکن وزیر ششی کلا نے انہیں تسلی بخش جواب نہیں دیا، لہذا اب شکایت کنندہ وزیر بیگ نے لوک آیُکت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ انہوں نے وزیر برائے حج و اوقاف ششی کلا جولے اور ان کے سکریٹری پر رشوت خوری کے الزام لگاتے ہوئے لوک آیُکت میں شکایت درج کروائی ہے۔
اس سلسلے میں وزیر بیگ نے مزید بتایا کہ 'کرناٹک وقف بورڈ کے ارکان شافی سعدی جو کہ موجودہ بورڈ کے چئیرمین بھی ہیں اور قاضی نفیسہ کی نااہلیت و ان کی برخاستگی کے لیے دی گئی شکایت اور ان کے بدعوانی میں ملوث ہونے کے معاملے پر کارروائی میں بلا وجہ تاخیر کی جا رہی ہے۔ وزیر ششی کلا جولے کی سرد مہری کے متعلق ایک تفصیلی مکتوب کو وزیر بیگ نے اپوزیشن لیڈر کانگریس رہنما سدرامیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کو روانہ کیا ہے۔
اس معاملے میں ای ٹی وی بھارت نے وزارت حج و اوقاف دفتر سے بذریعہ ای میل وضاحت جاننے کی کوشش کی تاہم ان کی جانب سے کسی بھی طرح کا کوئی جواب نہیں آیا۔