ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے تعلقہ شاہ پور سے اردو کا گہرا تعلق ہے۔ مشہور صوفی شاعر محمود بحری کا تعلق گوگی شریف شاہ پور سے ہی ہے۔
اس کے علاوہ حامد الماس، وقار خلیل انیس صدیقی، خالد سعید، اعظم اثر اور سید فضل الرحمان شعلہ کا تعلق اسی ضلع سے ہے جہاں تک سید فضل الرحمن شعلہ کا تعلق ہے، وہ نائب تحصیلدار تھے لیکن وہ شاعری کے علاوہ علمی و ادبی و تحقیقی مضامین لکھنے میں ماہر مانے جاتے تھے۔
ان کے مضامین کا مجموعہ نقش ہائے رنگ رنگ، تخلیق و تحقیق، شائع ہو چکے ہیں لیکن ان کے انتقال کے بعد ان کے غیر مطبوعہ کلام کو اور ان کے ادھورے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ان کے پوتے سید مسیح الرحمٰن نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع یادگیر کے مشہور و معروف شاعرسید فضل الرحمان شعلہ میرے دادا تھے۔
انہوں نے ساری عمر اردو ادب اور اردو زبان کی خدمت کی وہ سرکاری ملازم ہونے کے باوجود اردو ادب کی محفلیں سجایا کرتے تھے۔
انہوں نے اردو ادب میں نثر اور نظم دونوں میں بہترین کتابیں بھی لکھی ہیں مگر ان کے انتقال کے بعد اردو ادبی دنیا انہیں فراموش کر دی ہے، لیکن میں ان کے کام کو آگے بڑھانا چاہتا ہوں۔
سید مسیح الرحمٰن نے کہا کہ میں ہر سال ان کے نام سے مشاعرہ کرانا چاہتا ہوں اور اردو مضمون میں جن بچوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے انہیں ان کے نام سے ایوارڈ دینا چاہتا ہوں۔
مزید پڑھیں:
جونپور: ملا بہرام منطقی کا مقبرہ 'بارہ دری' عدم توجہی کا شکار
ان کے نام سے شہر میں ایک اردو لائبریری قائم کرنا چاہتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ میرے دادا نے اردو زبان کی جس طرح دل سے خدمت کی ہے میں بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اردو زبان و ادب کی کچھ خدمت کروں۔