کرناٹک کے بنگلور میں چامراج نگر ضلع کے سرکاری ہسپتال میں 36 زیر علاج مریضوں کی موت واقع ہوئی جبکہ جسٹس وینوگوپال کی رپورٹ میں یہ واضح کیا گیا کہ یہ اموات آکسیجن کی قلت سے ہوئی ہیں۔
چامراج نگر کے سرکاری ہسپتال میں دیڑھ ماہ قبل آکسیجن کی قلت کی وجہ سے 36 مریضوں کی موت ہوگئی تھی، لیکن آج تک ریاست کی بی جے پی حکومت کی جانب سے اس ضمن میں کوئی کاروائی نہیں کی گئی اور متاثرین کے اہل خانہ کو کسی بھی طرح کا معاوضہ نہیں دیا گیا۔
اس سلسلے میں ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ابرار احمد نے بتایا کہ اس معاملے پر ایس ڈی پی آئی نے آواز بلند کی ہے اور متعدد پریس کانفرنس منعقد کئے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے لیکن حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر مقدمہ کے ایک گواہ راجندرہ بابو نے بتایا کہ جسٹس وینو گوپال کی جانچ رپورٹ سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے 36 اموات ہوئی ہیں جو کہ قتل کے مترادف ہیں۔ ایس ڈی پی آئی نے حکومت سے مانگ کی ہے کہ چامراج نگر سانحہ کے تمام خاطیوں کو سخت سزا دی جائے اور متاثرین کے کے اہل خانہ کہ 50-50 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے۔