گلبرگہ شہر میں گلشن مریم ایجوکیشن اینڈ ویلفر سوسائٹی کی جانب سے چلائے جانے والے تعلیمی ادارہ معراج عربی مدرسہ گلشن کالونی مظاہرہ مسجد آزاد پور روڈ میں جلسہ بعنوان ’نوجوان کو چاہیے کہ جہیز کی لعنت سے دور رہے‘ منعقد کیا گیا۔
جلسہ کی صدارت سیدہ صفیہ بیگم صدر سوسائٹی و نگران عربی مدرسہ نے کی۔ جلسہ کا آغاز کمسن طالب علم محمد جنید نے قرات کلام پاک سے ہوا۔
اس موقع پر محمد خواجہ گیسودراز محکمہ تعلیمات سابقہ اردو اسکول نوڈل آفسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہیز کا مطالبہ کرنے والوں کا بائیکاٹ کیا جانا چاہئے۔ آج کل جہیز کی وجہ سے کئی زندگیاں ضائع ہو رہی ہیں۔ جہیز کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے نوجوان کو آگے آنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عورتوں کا دل انتہائی نازک ہوتا ہے اسی لیے ان کے ساتھ رحم کا معاملہ کرنا چاہئے۔ عورت کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے جہیز جیسے رسم و رواج کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔