ریاست کرناٹک میں سیاسی و سماجی حلقوں میں بی جے پی حکومت کے اس فیصلے کو لیکر ہنگامہ آرائی ہوئی ہے۔ اپوزیشن پارٹی کے لیڈر ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس کے پیچھے کوئی خفیہ ایجنڈا نظر آرہا ہے۔
علماء نے سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت محسن قوم ٹیپو سلطان کے احسانات کو فراموش نہ کرے۔
یاد رہے کہ محکمہ تعلیم نے ٹیپو سلطان اور ان کے والد کے نام درجہ سات کے نصاب سے نکالنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر اب سخت مخالفت کے بعد روک لگادی گئی ہے۔
دیگر 6 تا 10 کے درجات کے نصاب سے ان اسباق کو نکلا گیا تھا جن میں پیغمبر اسلام محمدﷺ اور حضرت عیسٰی کی تعلیمات تھیں۔ اور ساتھ ہی مغلوں و راجپوتوں کا تذکرہ بھی نکالا گیا تھا۔
ایک اور غور طلب موضوع جسے نصاب سے نکالا گیا وہ ملک کے آئین کی نمایاں خصوصیات تھیں۔ تاہم اب وزیر برائے تعلیم سریش کمار کی ہدایت پر اس فیصلے پر روک لگائی گئی ہے اور "کرناٹک ٹیکسٹ بک سوسائٹی" کی ویبسائٹ پر یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ اس فیصلے پر وقتی روک لگائی گئی ہے۔