جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج جیپ ون گراؤنڈ میں منعقدہ جھارکھنڈ کے یوم تاسیس کی پریڈ تقریب میں پولیس عہدیداروں، جوانوں اور شہیدوں کے اہل خانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ریاست جیسے مشکل جغرافیائی علاقے میں ہمارے پولیس افسران اور جوانوں نے جس لگن اور بے مثال ہمت کے ساتھ مختلف چیلنجوں کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے، اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران آپ نے جو حوصلے کا مظاہرہ کیا وہ ہماری طاقت ہے۔ اسی طاقت کے بل بوتے پر ریاست کی تقریباً ساڑھے تین کروڑ آبادی امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ اسی طرح آگے بھی اپنے حوصلے بلند رکھیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے شدید بارش کے درمیان پرکشش پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب میں بہترین کام کرنے پر 57 پولیس افسران/جوانوں کو تمغے دے کر اعزاز سے نوازا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علیحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد گزشتہ 20 سالوں میں ہم نے بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ اس دوران ہم نے بہت سے سنگ میل حاصل کیے اور بہت سے چیلنجز اور مسائل کا سامنا بھی کیا۔ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کئی جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ پھر بھی آپ کا حوصلہ نہیں ٹوٹا۔ آپ اپنی ذمہ داریاں اور فرض پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ نبھا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علیحدہ ریاست کے قیام کے بعد جھارکھنڈ کا شمار پورے ملک میں سب سے زیادہ عسکریت پسندی سے متاثرہ ریاستوں میں ہوتا تھا۔ لیکن، آپ نے اپنی طاقت سے انتہا پسندوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم انتہا پسندی پر کافی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ یہی نہیں انتہا پسندی کی آڑ میں پروان چڑھنے والی سماج دشمن اور جرائم پیشہ تنظیموں کو بھی آپ نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر کچھ نوجوان قومی دھارے سے بھٹک گئے ہیں۔ ایسے نوجوانوں سے انہوں نے ریاست کے مفاد میں قومی دھارے میں واپس آںے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی دھارے میں واپس لوٹنے والے نوجوانوں کو حکومت احترام کے ساتھ جینے کا حق اورروزگار دستیاب کرائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت آخری صف میں بیٹھے لوگوں تک پہنچنے کے لیے پورے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد ہر چہرے پر مسکراہٹ لانا ہے۔ اس کے لیے کئی ترقیاتی اور فلاحی منصوبے چلائے جا رہے ہیں۔ سب کو عزت اور سہولیات ملنی چاہئیں، اس مقصد کے ساتھ حکومت ایکشن پلان بنا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راجدھانی رانچی میں ڈورنڈا واقع جیپ گراؤنڈ کی تاریخی اہمیت ہے۔ یہ کئی بڑی اور اہم تقریبات و پروگراموں کا گواہ رہا ہے۔ اس گراؤنڈ کی خوبصورتی کے ساتھ تمام سہولیات مہیا کرائی جائے گی تاکہ اس کا اوربہترطریقے سے استعمال کیا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے جیپ کیمپس کی سڑکیں کالی کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس تقریب میں بہترین کام کرنے پر 57 پولیس افسران اور جوانوں کو تمغوں سے نوازا۔ ان میں سے ایک پولیس افسر کو وششٹ سیوا میڈل دیا گیا، 27 پولیس افسران/اہلکاروں کو چیف منسٹر گیلنٹری میڈل اور 29 پولیس افسران/اہلکاروں کو میرٹوریس سروس میڈل سے نوازا گیا۔
اس موقع پر منعقدہ پریڈ میں جھارکھنڈ آرمڈ پولیس-1، جھارکھنڈ آرمڈ پولیس-2، بٹالین آف وائرلیس، جھارکھنڈ آرمڈ پولیس-10 (ویمن کور)، انڈین ریزرو بٹالین-5، رانچی ڈسٹرکٹ فورس اور جھارکھنڈ جیگوار کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
اس کے علاوہ جھارکھنڈ آرمڈ پولیس بٹالین-1، جھارکھنڈ آرمڈ پولیس بٹالین-10 اور جھارکھنڈ پولیس اکیڈمی، ہزاری باغ کی بینڈ ٹیم نے بھی حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: سونیا گاندھی نے شانتی ون پہنچ کر نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا
اس تقریب میں محکمہ داخلہ، جیل اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے پرنسپل سکریٹری-کم- چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری جناب راجیو ارون ایکا، پولیس ڈائریکٹر جنرل نیرج سنہا اور ڈی جی اجے کمار سنگھ سمیت کئی پولیس افسران اور شہید جوانوں کے اہل خانہ موجود تھے۔
یو این آئی