جھارکھنڈ کے چترا ضلع میں ٹنڈوا بلاک واقع توانائی شعبے کی سب سے بڑی کمپنی این ٹی پی سی لمیٹیڈ کی زیر تعمیر اتری کرن پورا میگا تھرمل پاور پروجیکٹ میں آج بوائلر گرنے سے دو مزدروں کی دب کر موت ہوگئی اور دیگر تین مزدور زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ این ٹی پی سی کے زیر تعمیر پلانٹ میں یہ حادثہ تب ہوا جب پلانٹ کے دو نمبر بوائلر میں چینل گارڈ لگایا جا رہا تھا۔ اسی دوران اچانک کرین کا ہوک ٹوٹ جانے کی وجہ سے لوہے کا وزنی بوائلر گر جانے سے پانچ مزدور دب گئے۔ اس واقعے میں دو کی موت موقع پر ہی ہوگئی جبکہ تین دیگر شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد بہتر علاج کیلئے رانچی کے میدانتا ہاسپیٹل بھیج دیا گیا ہے۔ مرنے والوں کی شناخت پلامو ضلع کے حسین آباد باشندہ ارجن کمار یادو اور گڑھوا ضلع کے بابو لال چودھری کے طور کی گئی ہے۔ وہیں زخمی مزدوروں میں ایچاک ( ہزاری باغ) کے دیپک کمار، سریندر چودھری اور پلامو کے رامانج روی کے نام شامل ہیں۔
زخمیوں کی حالت کافی سنگین بتائی جارہی ہے۔ واقعہ کے بعد پلانٹ میں افرا تفری مچی ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد مزدوروں نے پلانٹ کا کام ٹھپ کر دیا اور مین گیٹ کو جام کر دیا ہے۔ ادھر واقعہ کی اطلاع کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی۔