جموں کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں بدھ کو یوتھ کانگریس سے وابستہ کارکنان نے نجی چینل نیٹ ورک کے سربراہ ارنب گوسوامی کے خلاف پارٹی ہیڈکوارٹر شہیدی چوک کے باہر زور دار احتجاج کیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج میں شامل یوتھ کانگریس کے صدر ادیو سنگھ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سابق بی اے آر سی سربراہ پارتھوداس گپتا اور ارنب گوسوامی کے مابین واٹس ایپ پر ہوئی بات چیت وائرل ہونا بدقسمتی کی بات ہونے کے علاوہ یہ ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد ائر فورس نے پاکستان پر حملہ کرکے اپنی جان کو خطرے میں ڈالا تھا، اگر ارنب گوسوامی کا چیٹ پہلے ہی وائرل ہوتا تو جوانوں کی جان کا ذمہ دار کون ہوتا؟
مزید پڑھیں: ارنب معاملہ: 'خفیہ اطلاع کے لیک پر وزیر اعظم وضاحت پیش کریں'
انہوں نے ارنب گوسوامی کے خلاف مقدمہ دائر کرنے اور انکے خلاف سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی۔
یوتھ کانگریس کے صدر نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔