جموں: جموں وکشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینا نے بدھ کے روز کہا کہ موجودہ مرکزی سرکار یونین ٹریٹری کے لوگوں کو سبھی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے امرناتھ یاترا کو آسانہ بنانے کی خاطر شیش ناگ سے پنجہ ترنی تک بہت بڑی ٹنل تعمیر کرنے اور بالتل سے امرناتھ گُھپا تک گنڈولہ بنانے کا فیصلہ لیا ہے۔ان باتوں کا اظہار رویندر رینا نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سبھی اضلاع میں تعمیر وترقی کے کام شروع کئے گئے ہیں ۔ان کے مطابق موجودہ سرکار جموں وکشمیر کے لوگوں کو سبھی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کے لئے خزانے کے دروازے کھول دئے ہیں اور جہاں بھی نظر دوڑائی جائے وہاں پر بڑے بڑے پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کے حالیہ دورہ جموں وکشمیر کو تاریخی قرار دیتے ہوئے رویندر رینا نے کہا کہ امرناتھ یاتریوں کو سہولیات فراہم کرنے کی خاطر کھنہ بل سے پہلگام تک کی شاہراہ کو قومی شاہراہ کا درجہ دیا گیا ہے اور اس پر اب کروڑوں روپیہ صرف کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ یاتری پر خطر راستے طے کرنے کے بعد ہی پوترا گُھپا تک پہنچ پاتے ہیں اس کے پیش نظر مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نے شیش ناگ سے پنجہ ترنی تک بہت بڑی ٹنل تعمیر کرنے کا فیصلہ لیا ۔انہوں نے بتایا کہ کھنہ بل سے ہوتے ہوئے پہلگام ، چندن وارڈی براست شیش ناگ تک ایک قومی شاہراہ بنائی جائے گی۔ان کے مطابق بالتل سے امرناتھ گُھپا تک گنڈولہ تعمیر کرنے کو بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی اور خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور یہاں کے لوگوں کو سبھی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر سرکار کوشاں ہے۔رویندر رینا نے کہا کہ یہ ایسے فیصلے جس سے جموں وکشمیر میں راہیں کھلیں گی اور اس سے جنت کو مزید خوبصورت بنانے کی راہ ہموار ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: Gadkari Press Conference امرناتھ یاترا کے لئے علیحده سڑک کی تعمیر کی جائے گی، نتن گڈکری
(یو این آ ئی)