جموں: یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے پیش نظر سی آر پی ایف نے ضلع اودھم پور میں مختلف مقامات پر سپیشل ڈاگ اسکواڈ تعینات کیے ہیں۔ سی آر پی ایف کی 137 بٹالین کے کمانڈنٹ رمیش کمار کا کہنا ہے کہ یاتریوں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم یہاں یاتریوں کی حفاظت کے لیے مامور ہیں اور ہم انتہائی مستعدی سے کام کر کر رہے ہیں'۔
جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز بالتل کا دورہ کرکے یاترا کے لئے کی جا رہی تیاریوں کو جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر عہدیداروں سے تاکید کی کہ وہ یاترا راستے پر کمیونکیشن سروسز اور شبانہ ہوائی سروسز کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں: امرناتھ گھپا کی طرف جانے والے دونوں راستوں پر کام شدومد سے جاری
سالانہ امرناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر لکھن پور سے پوترا گھپا تک 60 ہزار سیکورٹی فورسز کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ 20 جون سے لکھن پور سے پوترا گھپا تک مرحلہ وار بنیادوں پر 60 ہزار پیرا ملٹری فورسز اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ جموں وکشمیر پولیس نے یاترا روٹوں پر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے لئے سبھی طرح کے انتظامات مکمل کئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر سے پوترا گھپا تک یاتریوں کی حفاظت کے لئے خصوصی کمانڈوز کو بھی تعینات کیا جارہا ہے۔ بی آر او حکام کا کہنا ہے کہ پہلگام کی طرف یاترا راستوں کو 15 جون سے قبل ہی مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں وکشمیر نے تمام متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یاترا کے دوران ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی چھٹیوں کی درخواستوں کو منظور کریں نہ آگے بڑھائیں۔ حکام کے مطابق امسال 5 لاکھ یاتریوں کے آنے کی توقع ہے۔
یو این آئی