سکریٹری رورل ڈویلپمنٹ اینڈ پنچایت راج ، جے اینڈ کے شیتل نندا نے آج نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی، سری نگر کے تعاون سے محکمہ کے زیر اہتمام 'ٹائم اینڈ موشن سٹیڈی آف منریگا ورکرز' کے عنوان سے ایک ورکشاپ کی صدارت کی۔
ورکشاپ کا مقصد مطالعہ کے نتائج اور منریگا ورکروں کی کارکردگی سے آگاہی حاصل کرنا تھی۔ جموں و کشمیر میں کئے گئے سائنسی مطالعہ سے مرد، خواتین اور معذور افراد میں اجرت میں فرق کو ختم کیا جائے گا۔
خاص طور پر اس مطالعہ کو منریگا میں زیادہ اہمیت دی گئی ہے کیونکہ مرکزی سرپرستی کی اس اسکیم میں یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ حکومت کو اجرت کو بغیر کسی صنفی تعصب کے ساتھ نافذ کرنا چاہئے۔
مطالعے کی بنیاد پر، خواتین، بزرگ، معذور افراد اور کمزور افراد کے لئے شرحوں کے ایک معیاری شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ پیداواری کام کے ذریعہ ان کی شرکت کو بہتر بنایا جاسکے۔
نندا نے اس موقع پر کہا کہ اس اقدام سے معذور، بزرگ، خواتین اور دیگر کارکنوں پر بہت زیادہ اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا 'اس سے انہیں منریگا کے کام میں حصہ لینے اور ان کے لئے موزوں سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب ملے گی۔'
سکریٹری نے کہا کہ اس سے مزدوروں میں شرحوں کے تفاوت کو ختم کیا جائے گا۔