پرنسپل سکریٹری سکل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (ایس ڈی ڈی)، ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کہا کہ جموں وکشمیر کے ہنرمندی کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں جس کے تحت صنعتی تربیتی اداروں کو جدید ترین تربیتی سازوسامان کے ساتھ لیس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ان تربیتی اداروں میں نئے کورسز کو شامل کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے کٹھوعہ میں گورنمنٹ آئی ٹی آئی میں ڈائرکٹوریٹ آف سکل ڈویلپمنٹ جے اینڈ کے زیر اہتمام جاب میلے کے افتتاح کے بعد طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
تربیت یافتہ 500 سے زیادہ آئی ٹی آئی پاس آؤٹ کے درمیان اسپاٹ جاب آفر لیٹر پیش کئے جانے والے اس جاب میلے میں 45 سے زیادہ تنظیمیں موجود تھیں۔
ڈاکٹر سامون نے کہا کہ کٹھوعہ آئی ٹی آئی آٹوموبائل ٹکنالوجی میں سینٹر آف ایکسی لینس بننے جارہا ہے جس کے لئے اشوک لیلینڈ کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کیا گیا ہے جو جموں وکشمیر کے طلباء کو آٹوموٹو ٹکنالوجی کے شعبے میں کیریئر بنانے میں دلچسپی لانے میں مزید مددگار ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر بھارت کا تاج ہے لیکن اس کے ٹکڑے کیے گئے: فاروق عبداللہ
مشن ڈائریکٹر ، جموں و کشمیر اسکل ڈویلپمنٹ مشن ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے کہا کہ طلبا کو ان کے دہلیز پر کیریئر کے مواقع حاصل کرنے میں مدد دینے کے لئے پلیسمنٹ ڈرائیوز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد جموں و کشمیر میں صنعتوں اور ہنرمند انسانی وسائل کے مابین روابط کو مستحکم کرنا ہے۔