جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں غریبوں کو زمین اور مکان فراہم کرنے کے لیے بہت جلد ایک قانون بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوٹی انتظامیہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں و کشمیر کے متعلق خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پر عزم ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ غریبوں کو اراضی اور گھر بھی ملیں گے اور انتظامیہ کی جانب اس ضمن میں اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح سے مہاجر کشمیری پنڈتوں کو رہائشی سہولیات فراہم کی گئیں اسی طرح کی سہولیات غیر مقامی ملازمین جو یہاں پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں انہیں بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ دیکھ کر حیران ہو گیا کہ جموں وکشمیر میں غریبوں کے لئے زمین کی فراہمی کی خاطر کوئی قانون نہیں ہے۔ان کے مطابق ہم اس سمت میں کام کر رہے ہیں تاکہ غریب بھی اپنے آشیانے تعمیر کر سکیں۔
منوج سنہا نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر سرکار کاربند ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ دربار مو کی فائلیں 270ٹرکوں میں بھر کر جموں پہنچائی جاتی تھی لیکن موجودہ انتظامیہ نے اس روایت کو ختم کرکے آن لائن نظام کو رائج کیا۔ ایل جی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب جموں و کشمیر میں صرف 7 کلومیٹر سڑک بچھائی جاتی تھی اور آج یہ تعداد 20 کلومیٹر ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 15 کلو میٹر سڑک کا کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سالوں کے دوران بہت کچھ بدل گیا ، سیلف ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت بے شمار نوجوانوں لڑکی لڑکیوں کو روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : Sinha on Jhelum River Front منوج سنہا نے جہلم ریور فرنٹ پر جاری کام کا لیا جائزہ