کورونا وائرس کے پیش نظر پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ لوگوں کو تشویش بھی ہے کہ آخر آئندہ کیا ہوگا۔ اس درمیان جموں و کشمیر کے ضلع جموں کے چٹھا کے باشندوں نے گاؤں میں باہری لوگوں کے داخلے پر پابندی لگانے کے لئے خود ہی مورچہ سمبھال لیا ہے۔
جموں سے چند کیلو میٹر کے فاصلے پر آباد چٹھا کی خواتین نے گاؤں میں داخلے کے لئے جو سڑک ہے اس پر بریکیٹنگ لگا دی ہے اور خود ہی وہاں مستعید ہیں تاکہ نہ کوئی گاؤں کا شخص باہر جائے اور نہ ہی کسی کا داخلہ گاؤں میں ہو سکے۔ بیریکٹنگ کے لئے گاؤں کی خواتین نے کٹیلے تار اور بانس کا استعمال کیا ہے۔
مقامی خاتون گرمیت کور نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لئے ہمیں یہ کرنا پڑ رہا ہے۔ آج بیداری سب سے لازمی ہے۔ اگر لوگ بیدار ہوں گے تو وہ گھر سے باہر نہیں نکلیں گے۔ اس لئے ہم لوگ یہاں پر لوگوں کو بیدار کرنے کام کر رہے ہیں اور جو بھی کوئی یہاں داخل ہونا چاہتا ہے اسے روکتے ہیں۔