جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ سب سے زیادہ قوم پرست ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو جموں میں پارٹی کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
الطاف بخاری نے کہا: ’’ہمارے لوگ شہادت دیتے رہے ہیں، اس ملک کے لئے اگر کوئی زیادہ قربانیاں دے رہے ہیں تو وہ جموں و کشمیر کے لوگ ہیں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا: ’’جب ہمیں کوئی نیشنلزم کی باتیں سناتا ہے تو میں کہتا ہوں کہ نیشنلزم ہمارے لوگوں سے سیکھو۔ ہمارے لوگ سب سے زیادہ نیشنلسٹ ہیں۔‘‘
الطاف بخاری نے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں ایک تصادم کے دوران جونیئر کمیشنڈ افسر (جے سی او) سمیت پانچ فوجی جوانوں کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ہم شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے عسکریت پسندوں کے ساتھ لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اُن کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘
قبل ازیں اپنی پارٹی کے جموں دفتر واقع گاندھی نگر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایڈووکیٹ وکرم راٹھور پانچ سے زائد دیگر افراد کے ہمراہ اپنی پارٹی میں شامل ہوئے۔
تعلیم یافتہ طبقہ اور منتخب پنچایتی ممبران کو اپنی پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے بخاری نے کہا کہ ’’مختصر وقت میں جماعت جموں کے میدانی علاقوں میں اپنا مضبوط کیڈر بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: دیویندر سنگھ رینا کو نئی پارٹی مبارک ہو: رتن لال گپتا
انہوں نے کہا کہ خواندہ طبقہ کی شمولیت کا جماعت میں خیر مقدم ہے، ’’لوگوں نے پارٹی کی پالیسیوں اور ایجنڈے پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے جو کہ دونوں خطوں کی یکساں ترقی اور اتحاد کی وکالت کرتی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: دیویندر رانا بڑے بھائی کی موجودگی میں بھاجپا میں شامل
انہوں نے مزید کہا: ’’ہمارا ماننا ہے کہ سیاسی جماعتیں لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہ ’’لوگوں کو جو خواب دکھائے گئے، وہ کبھی حقیقت نہ بن سکے، البتہ اپنی پارٹی لوگوں کو سچ بتانے پر یقین رکھتی ہے۔‘‘