جموں و کشمیر کے سابق وزیر تعلیم ہرش دیو اور جموں کے اسکول ڈائریکٹر کے درمیان بحث کے بعد جموں و کشمیر کے چیف ایجوکیشن سکریٹری اصغر سمون نے معاملے کے متعلق نوٹس لیا ہے۔
سمون نے جموں و کشمیر کے دونوں ڈائریکٹرز سے منسلک اساتذہ کی فہرست طلب کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ جلد ہی دونوں ڈائریکٹرز اپنے اپنے دفاتر سے منسلک اساتذہ کی معلومات اور اس کی وجہ بتائیں۔
واضح ہو کہ پیر کو سابق وزیر تعلیم ہرش دیو اور ایجوکیشن ڈائریکٹر جموں انورادھا گپتا کے مابین گرما گرم بحث کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، جس میں ہرشدیو، ڈائریکٹر ایجوکیشن پر بدعنوانی کا الزام لگا رہے ہیں۔
ویڈیو میں ہرشدیو نے کہا ہے کہ ایجوکشن ڈائرکٹر نے اپنے دفتر میں اساتذہ کو غیر قانونی طور پر منسلک کیا ہے اور اس کے لئے انہوں نے رقم بھی وصول کی ہے اور اس کے پچاسوں گواہ ان کے پاس موجود ہیں جبکہ ویڈیوں میں ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگر ایک بھی گواہ انہوں نے لا دیا تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گی۔ ویڈیوں میں ایجوکیشن ڈائرکٹر خود کو ایماندار بتا رہی ہیں اور وہ بول رہی ہیں کہ ایماندار افسر کی طاقت کو وہ نہیں سمجھتے۔
معاملے کے متعلق چیف ایجوکیشن سکریٹری کا کہنا ہے کہ اگر ہرش دیو سنگھ کے الزامات میں حقائق پائے جاتے ہیں تو دونوں ڈائرکٹروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔