لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا دورہ کیا اور وہاں جموں و کشمیر پولیس کے زخمی جوانوں کی عیادت کی جو آج نگروٹہ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک تصادم میں زخمی ہوئے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ہسپتال میں زیر علاج زخمی پولیس جوانوں کو یقین دلایا کہ ان کے علاج و معالجہ کی ہر ممکن سہولیت بہم رکھی جائے گی اور اُن کی مثالی ہمت اور شجاعت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ میں حفاطتی دستوں کی مثالی ہمت اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو ان کے پیشہ وارانہ مہارت اور ملک کی سالمیت کے تحفظ کے عزم پر فخر ہے۔
'نگروٹہ تصادم: ہلاک عسکریت پسند ڈی ڈی سی انتخابات میں خلل ڈالنے کے مشن پر تھے'
واضح رہے کہ نگروٹہ میں ہونے والے مسلح تصادم میں چار عدم شناخت عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ تصادم کے دوران جموں و کشمیر پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوئے۔
جموں وکشمیر کے عوام کے لئے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حفاظتی عملہ ایک ترقی پسند اور پُرامن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لئے دن رات کوشاں ہے اور کسی بھی بیرونی طاقت ہمارے مشن کو گزند نہیں پہنچا سکتی۔
دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے بھی گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا دورہ کر کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران مشیر بھٹناگر نے میڈیکل آفیسروں سے دونوں جوانوں کی حالت کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں بتایا گیا کہ ان دونوں کی صحت مستحکم ہیں۔
مشیر بھٹناگر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ زخمی بہادر جوانوں کو بہتر طبی نگہداشت کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں اور جوانوں کی مستقل نگرانی کی ہدایت دی۔
انہوں نے زخمی اہلکاروں کی بہادری کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔