جموں: جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے منگل کی صبح ’’بم بم بھولے‘‘ اور ’’ہر ہر مہادیو‘‘ نعروں اور برستی بارش کے بیچ امرناتھ یاتریوں کا ایک اور جھتا کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھگوتی نگر بیس کیمپ سے منگل کی صبح 6 ہزار 2 سو 25 یاتریوں پر مشتمل 16 واں جھتا کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔ اور یاتریوں کا یہ جھتا 217 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ ننون، پہلگام اور بالتل بیس کیمپس کے لئے روانہ ہوا۔
سرکاری ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ننون، پہلگام بیس کیمپ کے لئے 3 ہزار 7 سو 14 یاتری روانہ ہوئے جن میں 2790 مرد، 793 خواتین، 18 بچے، 101 سادھو اور 12 سادھویں شامل تھیں۔ بالتل بیس کیمپ کے لئے 2 ہزار 5 سو 11 یاتری روانہ ہوئے جن میں 1545 مرد، 955 خواتین، 7 بچے اور 4 سادھو شامل تھے۔ یاد رہے کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران، حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، اب تک زائد از 2 لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا میں شیو لنگم کے درشن کئے ہیں۔
مزید پڑھیں: Jammu yatri niwas overcrowded جموں میں مقیم یاتری مختلف یاتری نواس منتقل
یکم جولائی سے شروع ہوئی یاترا 62 دنوں تک جاری رہے گی اور یاترا 31 اگست کو شرون پورنیما کے موقع پر چھڑی مبارک کی پوجا کے ساتھ ہی اختتام ہوگی۔ جموں وکشمیر حکومت اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فقید المثال انتظامات کئے ہیں۔ یاتریوں کے لیے جہاں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں وہیں بیس کیمپس، ہوٹلز وغیرہ میں بھی یاتریوں کی سہولت کے لیے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔ یاتریوں کے لیے جگہ جگہ لنگرز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
یو این آئی