مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے دارالحکومت جموں میں سرکولر روڈ تیسری مرتبہ تعمیر کرنے کے بعد بھی ڈھہہ گیا۔ جس کی وجہ سے سڑک کے کنارے پارکنگ کی گئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی کو بھی اس کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ دراصل جموں کے ضلع ترقیاتی کمشنر دفتر کے قریب واقع سرکولر روڈ کی تعمیر کا کام سنہ 2020 میں مکمل کیا گیا تھا، لیکن ہلکی سی بارش کے بعد ہی روڈ ڈھہہ گیا جس کے بعد دوبارہ اس پر کام شروع کیا گیا اور اب پھر سے ایک بار سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔
سڑک ڈھہہ جانے سے مقامی آبادی کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وہیں علاقے کے لوگوں نے بی جے پی کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران صرف فیتہ کاٹنے کے لئے یہاں آتے ہیں اور اپنے قریبی کنٹریکٹرز کو سڑک بنانے کا کام دیتے ہیں۔
وہیں مقامی لوگوں نے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار افسران اور ٹھیکدار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔