جموں کے ضلع ترقیاتی کمشنر دفتر کے باہر گجر بکروال طبقہ سے وابستہ افراد پچھلے کئی دنوں سے کشمیر جانے کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کے غرض سے ضلع ترقیاتی کمشنر جموں کے دفتر آتے ہیں۔ تاہم ان کو شام کے وقت خالی ہاتھ واپس گھر جانا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ چل رہا ہے۔ ہم روزے سے ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود دن بھر ڈی سی آفس کے چکر لگانے پڑتے ہیں لیکن ہمیں کشمیر جانے کے لیے اجازت نامہ نہیں دیا جاتا ہے۔
احتجاجیوں نے کہا کہ ان افراد نے کشمیر جانے کی پوری تیاری کی ہے اور ٹرک ڈرائیوروں کو بھی کرایہ دیا ہے تاکہ ہم اپنے ساتھ مویشی لے جائیں۔
انہوں نے ڈی سی جموں سے اپیل کی کہ ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کر کے عید سے قبل مائیگریشن کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ کشمیر صوبہ کے خانہ بدوش سردیوں میں جموں کا رخ کرتے ہیں اور گرمیوں کے موسم میں کشمیر واپس روانہ ہوتے ہیں لیکن سرکاری حکمنامہ کے تحت انہیں قومی شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہونا چاہئے۔ ہر برس گجر بکروال طبقے کو ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفاتر سے اجازت حاصل کرنا پڑتا ہے۔